
بنگلہ دیش میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت پیش آیا.جب ایک ماں نے اپنے بیٹے کو اس کی گرل فرینڈ کے ساتھ بیرونِ ملک سفر کرنے سے روکنے کے لیے ایک انتہائی قدم اُٹھایا. یہ واقعہ ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ بیٹا پہلے سے شادی شدہ تھا لیکن وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو جا رہا تھا۔ ماں کو جب اس بات کا علم ہوا تو وہ شدید پریشان ہوگئی۔ اس لیے اپنے بیٹے کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر جب کوئی طریقہ کارگر نہ ہوا تو ایئرپورٹ پر کال کر کے کہا کہ جہاز میں بم ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق "ایمن” نامی شخص کھٹمنڈو کا سفر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ کر رہا تھا۔ اس کے اس عمل پر نہ صرف اس کی والدہ بلکہ اس کی اہلیہ بھی شدید پریشان تھیں۔ دونوں نے اسے ہر ممکن طریقے سے روکنے کی کوشش کی، لیکن ایمن اپنے ارادے پر قائم رہا . جب بات کسی صورت قابو میں نہ آئی تو ایک مشترکہ دوست "عمران” نے نہایت غیر ذمے دارانہ مشورہ دیا کہ اگر وہ چاہتی ہیں کہ پرواز رک جائے. تو وہ جہاز میں بم کی جھوٹی اطلاع دے دیں۔ یہ انتہائی خطرناک اور غیر قانونی تجویز ایمن کی والدہ نے جذبات میں آ کر قبول کر لی۔
مزید جانیے.
ایک ایسا جہاز جو 47 سال سے خلا میں اُڑ رہا ہے۔
بغیر منہ کے پیدا ہونے والے انسان کی حیران کن کہانی!
اونٹ کے آنسو، سانپ کے زہر کا حیران کن اور سستا علاج.
اس طیارےمیں 142 مسافر اور سات عملے کے ارکان سوار تھے،جیسے ہی طیارہ ٹیکسی کے مرحلے میں تھا تو اس وقت ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ طیارے میں بم نصب ہے۔ اس کال کے فوراً بعد پورے ہوائی اڈے پر ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ طیارے کو فوری طور پر روکا گیا، مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور سکیورٹی ادارے، بشمول بم ڈسپوزل یونٹ، حرکت میں آ گئے۔
ایئرپورٹ سکیورٹی نے انتہائی منظم اور پیشہ ورانہ طریقے سے طیارے اور اس کے تمام حصوں کی مکمل جانچ کی۔ یہ عمل کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور بالآخر رات 7 بج کر 58 منٹ پر تلاشی مکمل ہوئی۔ اس دوران کوئی دھماکہ خیز مواد یا مشکوک شے برآمد نہیں ہوئی، جس سے واضح ہو گیا کہ یہ محض ایک جھوٹی اطلاع تھی۔
مزید تفتیش کے بعد پولیس نے کال کرنے والے نمبر کا سراغ لگایا اور حیرت انگیز طور پر معلوم ہوا کہ یہ کال ایمن کی اپنی والدہ نے کی تھی۔ دورانِ تفتیش خاتون نے اعتراف کیا کہ یہ قدم انہوں نے اپنے بیٹے کو روکنے کے لیے اٹھایا، اور انہیں یہ مشورہ عمران نامی شخص نے دیا تھا۔ پولیس نے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایوی ایشن حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے کیونکہ ایک جھوٹی بم کی اطلاع نہ صرف ملکی ایئر لائنز کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے بلکہ سینکڑوں معصوم افراد کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے۔ ایسے اقدامات نہایت غیر ذمے دارانہ اور قابل سزا جرم ہیں۔