اسلام آباد،سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی لڑکی کی تلاش ختم،غائبانہ جنازہ اداکردیا گیا.

اسلام آباد کے پوش علاقے ڈی ایچ اے فیز 5 میں حالیہ بارشوں کے دوران ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جب ریٹائرڈ کرنل قاضی اسحاق اور ان کی پچیس سالہ بیٹی شدید بارش کے دوران اپنی گاڑی میں سفر کرتے ہوئے نالے میں بہہ گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ 22 جولائی 2025 کو پیش آیا، جب اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا تھا۔ کرنل قاضی اسحاق اپنی بیٹی کے ساتھ سفر کر رہے تھے کہ ایک برساتی نالے میں ان کی گاڑی پانی میں پھنس گئی، اور تیز بہاؤ انہیں اپنی لپیٹ میں لے کر بہا لے گیا۔



ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا گیا جو کئی دنوں تک جاری رہا۔ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں نے مل کر دریائے سواں کے قریب بارہ کلومیٹر تک علاقے کی چھان بین کی۔ تیسرے روز ٹیموں کو سوان ندی کے پل کے نیچے سے گاڑی کے کچھ حصے، جیسے دروازہ اور بونٹ، ملے۔ اسی شام کرنل قاضی اسحاق کی لاش ندی سے کئی کلومیٹر دور برآمد کر لی گئی، جس کے بعد انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

تاہم افسوسناک طور پر کئی دن گزرنے کے باوجود ان کی بیٹی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ ریسکیو ٹیموں نے پوری کوشش کے باوجود جب ہر ممکن مقام کو چھان مارا اور پانی کی سطح میں بھی کمی کے باوجود کچھ نہ ملا، تو بالآخر سرچ آپریشن کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ بیٹی کی میت نہ ملنے پر اہل خانہ اور رشتہ داروں کی جانب سے غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ غائبانہ جنازہ صرف ایک رسم نہیں بلکہ بے بسی کا وہ لمحہ ہے جس میں امید دم توڑ دیتی ہے اور آنکھیں ہمیشہ کے لیے ایک چہرے کی منتظر رہتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے